kashmirnama.net

جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے،ترجمان دفتر خارجہ
14/03/2025
جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(کشمیر نامہ نیوز)دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت فوری طور پر کشمیری عوام پر جاری ظلم و جبر بند کرے اور کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بلوچستان کے ضلع بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ بیرون ملک سے منصوبہ بنایا گیا تھا، جس میں دہشت گردوں کے افغانستان سے روابط کے شواہد بھی ملے ہیں۔ترجمان شفقت علی خان نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور تخریب کار عناصر ہمیشہ ہماری سرحدوں کے باہر سے آتے ہیں، جعفر ایکسپریس پر حملے کی ٹریس شدہ کالز میں دہشت گردوں کے افغانستان سے رابطے سامنے آئے ہیں، جس پر افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس حملے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرے اور پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان سفارتی سطح پر دہشت گردی کے ایسے واقعات پر ہمیشہ تفصیلات متعلقہ ممالک سے شیئر کرتا رہا ہے، اور یہ سلسلہ مستقل جاری ہے۔ ہمارے کئی دوست ممالک نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کی ہے، اور پاکستان انسداد دہشت گردی کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا،دہشتگردی کیخلاف ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ یہ پروپیگنڈا ہو رہا ہے کہ پاکستان طورخم سرحد کو کھلنے نہیں دے رہا، ہم طورخم سرحد کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں۔ افغانستان کی جانب سے پاکستانی سرحد کے اندر چوکی بنانے کی کوششیں کی جا رہی تھیں، ہم افغان حکام کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کوئی بھی تعمیرات کریں۔بریفنگ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ جدہ سے متعلق بھی بتایا گیا، جہاں انہوں نے فلسطین پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان کے موقف سے عالمی برادری کو آگاہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے امدادی تنظیموں پر عائد کی گئی پابندیوں کی مذمت کرتا ہے اور اسے انسانی ہمدردی کے اصولوں کے خلاف قرار دیتا ہے۔ ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت فوری طور پر کشمیری عوام پر جاری ظلم و جبر بند کرے، بھارتی حکام کی جانب دو کشمیری تنظیموں کو غیر قانونی قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے، بھارت نے عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کو پانچ سال کے لیے غیر قانونی ایسوسی ایشن قرار دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت ممتاز سیاسی اور مذہبی رہنما میر واعظ عمر فاروق کررہے ہیں جبکہ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کی بنیاد مولانا محمد عباس انصاری نے رکھی تھی، اس فیصلے سے کالعدم کشمیری سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے، سیاسی جماعتوں اور تنظیموں پر پابندی لگانا بھارتی حکام کے رویے کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ امریکہ کی جانب سے پاکستانیوں کے داخلے پر کسی قسم کی پابندی سے متعلق کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی، اور یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں جن پر ردعمل دینا مناسب نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے پاکستان مخالف قوتیں ہیں، جو خاص طور پر چین کی سرمایہ کاری اور سی پیک منصوبوں کو نشانہ بنانا چاہتی ہیں، لیکن پاکستان اپنے ترقیاتی منصوبوں کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دے گا۔ترجمان نے واضح کیا کہ یو ایس ایڈ کی اسکولوں کے لیے مختص رقوم کے دہشت گردی میں استعمال کے مبینہ الزامات بے بنیاد ہیں۔
Leave a Reply