kashmirnama.net
وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت سے فوری طور پر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی یقینی بنائیں سلطان محمود چوہدری
21/01/2025
اسلام آباد20 جنوری 2025۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور آئینی ادارے کے سربراہ کی پوسٹ خالی نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت سے فوری طور پر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی یقینی بنائیں۔ وہ ایوان صدر کشمیر ہاوس اسلام آباد میں جموںوکشمیر اخبار کی سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال، نریندر مودی کے اوچھے ہتھکنڈے، آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال حکومت کے اقدامات، احتساب بیورو کی کارکردگی اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سمیت تمام ایشوز پر کھل کر بات کی۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں حسب روایت افطار پارٹیوں سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کروں گا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں نے مسئلہ کشمیر کا حل آسان بنا دیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مودی کو بے نقاب کر دیا ہے اور بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اب یورپ، امریکہ اور دیگر مغربی ممالک میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہونے والا ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور حریت قیادت کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے اس طرف کے وزیر اعلی عمر عبداللہ سے اور دیگر سے بھی ملاقاتیں ہوئی تھیں اور سب کی یہی رائے تھی کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی، احتساب بیورو، الیکشن کمیشن کی تشکیل نو اور دیگر ایشوز پر بات کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور آئینی ادارے کے سربراہ کی پوسٹ خالی نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت سے فوری طور پر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی یقینی بنائیں۔ احتساب بیورو کو بھی فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ میں نے اپنے دور حکومت میں احتساب بیورو،بار کونسلز، پریس فانڈیشن اور دیگر ادارے بنائے۔ صدر ریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں رواداری اور مفاہمت کا قائل ہوں۔ میں نے وزیر اعظم آزادکشمیر سے کہا ہے کہ حکومت،آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے قیام، تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر کوششیں تیز کرے۔ بلدیاتی نمائندگان کو فنڈز جاری کیے جائیں۔ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر میں بھائی چارہ اور سیاسی رواداری ہے افرا تفری اور سیاسی عدم استحکام نقصان دہ ہے اور افہام و تفہیم سے تمام مسائل حل کیے جائیں۔
Leave a Reply